وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کہ آج بھی یہی کہا کاربن لیوی کے ذریعے ریونیو کو بڑھایا جاسکتا ہے، پیٹرولیم لیوی پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی، ٹیکس سے متعلق اور ماحولیات کے معاملات کو آگے رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ریونیو جمع کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، گزشتہ سال ہم کہتے تھے کہ انفورسمنٹ کے ذریعے بھی ریونیو کو بڑھایا جاسکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی سروے میں دیے گئے اعدادوشمار درست ہوتے ہیں، ٹیرف ریفارمز پہلے ہی ہونی چاہیے تھی کیوں نہیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں مختلف ٹیکسز میں کمی کی ہے، ماضی میں ایسا کون سا ٹیکس ہے جو اوپر گیا ہے اور پھر کمی ہوئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسٹرکچرل ریفارمز کے حوالے سے بات کی جاتی ہے لیکن عمل نہیں ہوتا، ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے فنانسنگ سے متعلق بہت کام ہوچکا ہے، ٹیکسز پر ابھی کام ہورہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی آئی اے کو ڈیڑھ ماہ پہلے ری لانچ کردیا گیا ہے، پی آئی اے کے لیے یورپین روٹ کھل گئے ہیں، یوکے روٹ بھی کھل جائے گا، امیج میں بہتری آرہی ہے نجکاری میں فائدہ ہوگا۔