لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لگتا ہے اس حکومت میں کوئی ڈاکٹر بے روزگار نہیں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ چلڈرن اسپتال میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 2 ہزار مرد و خواتین ڈاکٹروں کے انٹرویو کرلیے ہیں، کرونا سےنمٹنے کے لیے 10ہزار ڈاکٹروں کے انٹرویو ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے اس حکومت میں کوئی ڈاکٹربے روزگار نہیں رہے گا۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ 7سال سے صوبے میں ڈاکٹروں کی ترقی نہیں ہوئی، پنجاب حکومت ہر 15دن میں ترقی دے رہی ہے جو پہلےنہیں ہوا۔
انہوں نے خواجہ سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب30 ڈاکٹروں کی 19 سے 20گریڈ میں ترقی آج تک نہیں ہوئی، 10سال کوئی پروموشن کیوں نہیں کی گئی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے کہا تھا 6 ماہ میں خالی آسامیوں کو پر کر لیا جائےگا،نہ تو خالی اسامیوں کو پر کیا جا رہا ہے نہ ہی ترقیاں ہو رہی ہیں۔