منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

نو فادرز ان کشمیر: تین دہائیوں‌ پر محیط لہو رنگ انتظار!

اشتہار

حیرت انگیز

2014 میں ایشون کمار نے اس فلم کی عکس بندی شروع کی تھی اور پچھلے سال بھارت میں‌ بڑے پردے پر اس کی نمائش کی گئی۔

بھارتی فلم ڈائریکٹر اور ہدایت کار ایشون کمار کو اپنی اس فلم پر کڑی تنقید جھیلنا پڑی، کیوں کہ انھوں نے اس فلم میں‌ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی درندگی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں‌ کا پردہ چاک کیا اور بتایا ہے کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں کیسے گھروں سے اٹھا کر لاپتا کردیا گیا اور کئی برس بعد بھی اہلِ خانہ اپنے پیاروں کے منتظر ہیں۔ انھیں نہیں معلوم کہ وہ زندہ ہیں یا موت ان کا مقدر بن چکی ہے۔

اس فلم کا ٹائٹل "نو فادرز ان کشمیر” ہے جو ان دنوں برطانیہ میں بڑے پردے پر دیکھی جارہی ہے اور اس کا بہت چرچا ہو رہا ہے۔ برطانوی اخبارات اور مختلف جریدوں میں اس فلم پر بات کی گئی ہے اور تبصرہ نگاروں کے مطابق یہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتی ہے۔

فلم کی کہانی ان افراد کے گرد گھومتی ہے جن کی اولادیں تین دہائیوں سے اپنے والدین کی صورت دیکھنے کو ترس رہی ہیں اور آج بھی ان کی تلاش میں ہیں۔ یہ لوگ آزادی کے حصول کے لیے تحریک کا حصہ بنے تھے اور بھارتی فوج کی حراست میں لاپتا ہوئے۔ ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا جارہا اور اب انھیں نہ دیکھے ہوئے تین دہائیاں گزر چکی ہیں۔

ان کے اہلِ خانہ یہ جاننا چاہتے ہیں‌ کہ ان کے پیارے زندہ ہیں یا مر چکے ہیں۔ اگر انھیں موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے تو کم از کم یہی بتا دیا جائے کہ وہ کہاں دفن ہیں؟

ایشون کمار کی اس فلم کی نمائش بھارتی سنیماؤں میں تو چند روز ہی جاری رہ سکی تھی۔ مگر اب یہ برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز میں بھی دکھائی جارہی ہے جب کہ چند یورپی ممالک اور امریکا میں بھی اس کی نمائش متوقع ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں