لندن: ہفتے کے روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے شادی کے بعد ہنی مون کے بجائے اپنی دیگر مصروفیات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نوبیاہتا شاہی جوڑا، دلہا کے والد شہزادہ چارلس کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر دوبارہ حاضر ہوگا، شہزادہ چارلس کی سالگرہ چند روز بعد منائی جائے گی۔
فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ نوبیاہتا شاہی جوڑا ہنی مون کب اور کہاں منائے گا، تاہم قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ جنوبی افریقا کے صحارا میں واقع ملک بوٹ سوانا جائیں گے، شہزادہ ہیری نے منگنی کی انگوٹھی بوٹ سوانا ہی سے خریدی تھی۔
مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے
شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی جانب سے تحفوں کی جگہ فلاحی ادارے کے لیے عطیے کی گزارش کے باوجود دونوں کے لیے تحفوں کا انبار لگ گیا، سب سے قیمتی تحفہ ملکہ برطانیہ نے دیا، انہوں نے سینڈرنگم میں واقع تاریخی یارک کاٹیج نوبیاہتا جوڑے کو تحفے میں دیا۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کو جدید و قدیم روایات کا حسین امتزاج قرار دیا جارہا ہے، ان کی شادی کی تقریب دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے جبکہ شادی کی تقریبات کو دنیا بھر میں براہ راست کروڑوں لوگوں نے دیکھا۔
واضح رہے کہ میگھن مرکل کی والدہ افریقی نژاد ہیں، شادی کی پروقار اور عالمی تقریب میں ان کی والدہ کے علاوہ خاندان کا کوئی فرد شریک نہیں ہوا تھا۔