لاہور : قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فی الوقت ملک میں قائم مقام وزیر اعظم کی تقرری ضروری نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی صحت یابی کے حوالے سے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پروگرام کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کل این ایف سی اور بجٹ کے حوالے سے منتعقدہ اہم اجلاس کی صدارت بذریعہ اسکائپ کریں گے‘‘۔
قائم مقام وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایاز صادق نے کہا کہ ’’ملک میں فی الوقت قائم مقام وزیراعظم کی کو ضرورت نہیں ہے‘‘۔
انہوں نے کامیاب اوپن ہارٹ سرجری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میاں محمد نوازشریف کی صحتیابی کے لیے پوری قوم دعا گو ہے، وہ انشاء اللہ جلد تندرست ہوکر ہمارے درمیان موجود ہوں گے‘‘۔
پانامہ لیکس کے حوالے سے بننے والے ٹی او آرز سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ٹی او آرز کے حوالے سے بننے والی کمیٹی کے تمام اراکین کی نیت صاف ہے جلد ہی اس پر اتفاق ہوجائے گا۔
اس موقع پر ڈاکٹر راغب نعیمی اور دیگر علمائے اکرام نے وزیر اعظم کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔