اسلام آباد: آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ممکنہ حملے کی پیش نظر کھلے مقامات پر جشن آزادی کی تقاریب منانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں کیا، آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’پنجاب حکومت کے تمام محکموں میں جشن آزادی کی تقاریب کو مختصر کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ نیشنل ایکشن پلان پر سب سے زیادہ عمل در آمد پنجاب میں ہوا ہے، کالعدم تنظیموں کے خلاف انٹیلی جنس شیئرنگ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حساس اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے‘‘۔
مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ ’’جنوبی پنجاب کے کسی مدرسے یا کسی علاقے سے فرقہ وارانہ بات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں مختلف قوانین مرتب کیے گئے ہیں اور اُن پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے۔‘‘
پڑھیں : یوم آزادی پرحملے کا خدشہ، دو خودکش بمبارپنجاب میں داخل
آئی جی پنجاب نے کہاکہ ’’پنجاب میں رینجرز کے لیے کوئی نوگو ایریا نہیں اور نہ ہی وفاقی اداروں نے رینجرز کو پنجاب میں کارروائی کرنے سے روکا ہے، چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی میں رینجرز نے ہمارے مدد کی تھی تاہم انہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے حساس اداروں کے حوالے کیا گیا ہے جہاں اُس سے تفتیش جاری ہے‘‘۔
مشتاق سکھیرا کا مزید کہنا تھا کہ ’’جنوبی پنجاب کے حوالے سے پھیلائی گئی باتیں غلط ہیں وہاں سے کوئی غلط خبر نہیں آئی کیونکہ پنجاب میں سلیپرز سیلز کے خلاف فوری ایکشن ہوتا ہے ‘‘۔