امریکا میں ایک عورت کو اس وقت شدید دکھ کی صورتحال سے گزرنا پڑا جب اس کی پانچ سالہ بیٹی کی سالگرہ پر مدعو کیے گئے مہمانوں میں سے کوئی بھی نہ آیا، تاہم ایک معجزے نے بچی کی سالگرہ کا دن یادگار بنا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چار بچوں کی ماں لیکس فٹز گیرالڈ نے اپنی بیٹی ویلا کے لیے ٹیکساس کے مقامی برگر ریسٹورنٹ میں ایک برتھ ڈے پارٹی منعقد کی لیکن کافی انتظار کے بعد بھی کوئی نہ آیا تو بچی کی ماں نہایت رنجیدہ ہوگئی۔
لیکس نے بتایا کہ بحیثیت ماں میرا دل اپنی بچی کے لیے بہت دکھی تھا کیوں کہ وہ وہاں بیٹھ کر اپنے دوستوں اور مہمانوں کا انتظار کررہی تھی، ہم نے اس کی کلاس کے تمام بچوں اور دوستوں کو مدعو کیا تھا جس میں سے صرف 30 فیصد لوگوں نے آنے کی حامی بھری تھی۔
ہم نے سوچا کہ چلو کم لوگ بھی آئیں گے تو پارٹی ہو جائے گی مگر 20 منٹ کے انتظار کے بعد بھی کوئی نہ آیا، میں اپنی بیٹی کو یہ بتانا نہیں چاہتی تھی کہ کوئی بھی اس کی سالگرہ پر نہیں آیا، اچانک میرے دماغ میں ایک خیال آیا اور میں نے فوراً اپنے فیس بک گروپ میں ساری صورتحال بتاتے ہوئے اس حوالے سے دعوت نامہ شیئر کیا۔
وہ بتاتی ہیں کہ تھوڑی ہی دیر بعد جیسے ان کی بیٹی ویلا کے لیے معجزہ ہو گیا اور کچھ دیر میں ہی کئی خاندان میری بیٹی کی سالگرہ منانے کے لیے ریسٹورنٹ میں آگئے جبکہ پورے ریسٹورنٹ میں کوئی ایک بھی ٹیبل خالی نہیں بچی جس پر لوگ موجود نہ ہوں
لیکس نے اتنے شاندار رسپانس اور بہترین طریقے سے اپنی بیٹی کی سالگرہ منانے پر ان تمام خاندانوں کا شکریہ ادا کیا جو محض چند منٹوں میں ان کی بیٹی کی سالگرہ منانے کے لیے آگئے۔