اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی میں اتنی جرات نہیں کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے۔
پاکستان ڈیموکریٹ مومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی ایک بیٹھک ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آپ تحریک عدم اعتماد کل لے کر آئیں آپ کو آٹے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا، آپ کو آپ کے ممبران اسمبلی میں سرپرائز دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ وہ چوہے ہیں جو سوچتے ہیں چھت پر، آواز آئے گی تو زیادہ دوڑیں گے، آپ نے آج جو گفتگو کی اس سے آپ کی کمزوری کا اظہار ہوا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیج دیں گے، ان کے بازؤں میں طاقت نہیں،
فواد چوہدری نے کہا کہ کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک پوائنٹ پر رہتا ہوں اور آخر تک لڑتا ہوں، دو محاذوں پر جنگ لڑنا سیاسی طور پر درست نہیں ہے، مشترکات کے لیے بڑا دل رکھنا ہوتا ہے، حالات کا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے، سیاسی لوگ ہیں اتفاق رائے اور سوچ سمجھ کر آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں تیاری کرنے دیں اورگراؤنڈ بنانے دیں، 23 مارچ کا لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی کولانگ مارچ کی تیاری کی ہدایت کی جاچکی ہے۔