کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا، ان کی جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 2 بڑی جماعتوں کے کرپٹ سربراہوں پر آواز اٹھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی 22 سال کی جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کے پاس حکومت سادہ اکثریت سے ملی ہے، ہمیں ٹوٹے پھوٹے لنگڑے لولے سب لینے پڑ رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں رہنے والوں نے جو کام کیے اس کا جواب بھی ملنا چاہیے، ہمارے یہاں غلط کام بھی قانون میں رہتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ موجودہ دور میں حکومت اور تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں، سادگی کی مہم 5 سال تو کیا پچھلے 65 سال میں بھی کسی حکومت میں نہیں ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا کو مذاکرات کی میز پر لائے اور سعودی عرب سے معاہدہ لے کر آئے، ایک ماہ میں جو کام حکومت نے کیے اسے کافی نہیں کہا جاسکتا، حکومت اپنی ترجیحات کا تعین خود کرتی ہے، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔