پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

پانی،گیس بجلی کی عدم فراہمی، سندھ بھر میں جیالے سڑکوں پر

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ / حیدر آباد/ خیرپور/ ٹھٹھہ/ جیکب آباد : پانی، بجلی، گیس کی قلت پر وفاقی حکومت کے خلاف سندھ بھرمیں جیالوں نے دھرنے دئیے اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ جیالوں نے کہیں نوازشریف اور عابد شیر علی کے پتلوں کو گدھاگاڑی پر بٹھایا تو کہیں ان کے پتلے نذرآتش کئے۔ لاڑکانہ میں جیالے اور متوالے آمنےسامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے جناح چوک پر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے وفاقی حکومت کیخلاف دھرنا دیا۔ اسی دوران نون لیگ کے متوالے نواز شریف کی حمایت میں ریلی نکالتے ہوئے پہنچے تو گو نواز گو کے نعروں پر جیالے اور متوالے آگئے آمنے سامنے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

حیدر آباد میں حیسکو دفتر پر دھرنے میں پی پی کارکنان نے نواز شریف اور عابدشیرعلی کے پتلوں کو گدھا گاڑی پر بٹھایا، جوتے مارے اور گو نواز گو کے نعرے لگائے، جیکب آباد میں مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر چوک تک ریلی نکالی اور عابد شیرعلی کا پتلا نذر آتش کیا۔

خیرپور میں سیپکو آفس کے سامنے رکن قومی اسمبلی نواب وسان کی قیادت میں دھرنا دیاگیا، اس کے علاوہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں روہڑی نیشنل ہائی بائی پاس پر دھرنا دیا گیا۔ ایم پی اے اویس شاہ نے دھمکی دی کہ وفاقی حکومت نے بجلی پانی گیس نہیں دیا توسندھ پنجاب بارڈر بند کر دیں گے۔

ٹھٹھہ اور سجاول میں جیالوں نے قومی شاہراہ پر ٹائر نذرآتش کر کے روڈ بلاک کردیا، دادو میں رکن سندھ اسمبلی کلثوم چانڈیو اور سنجیلا لغاری کی قیادت میں دھرنا دیا گیا، گھوٹکی میرپور ماتھیلو میں بھٹائی چوک پر بھرپور احتجاج کیا گیا۔

ٹنڈوالہ یارمیں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کیریا شاخ کے مقام پر احتجاج ریکارڈ کرایا، عمرکوٹ میں پریس کلب کے سامنے دھرنے میں جیالوں کی بڑی تعداد میں شریک ہوئی۔

میونسپل کمیٹی مٹھی گراؤٴنڈ پر بھی دھرنے میں پی پی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میر پور ماتھیلو سمیت اندرون سندھ چھوٹے بڑے متعدد شہروں میں بھی جیالے وفاقی حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں