جیولین تھروور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ساتھ ساتھ واپڈا نے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے نوح دستگیر کو بھی کیش ایوارڈ سے نوازا۔
واپڈا نے اپنے ادارے سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ اولمپیئن ارشد ندیم کے اعزاز میں واپڈا ہاؤس میں تقریب سجائی، پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو 50 لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا گیا، واپڈا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ایتھلیٹ نوح دستگیر بٹ کو بھی کیش ایوارڈ پیش کیا گیا۔
ایتھلیٹ نوح دستگیر بٹ نے ازبکستان میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویٹ لفٹنگ میں پاکستان کیلئےگولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
چیئرمین اور واپڈا اسپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف انجینئر سجاد غنی نے ارشد ندیم کو کیش ایوارڈ دیا، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کیش ایوارڈ پر واپڈا اسپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
اولمپئن ارشد ندیم نے کہا کہ واپڈا کی جانب سے کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی قابلِ تقلید ہے، واپڈا کا مجھ سمیت سیکڑوں کھلاڑیوں کا کیرئیر بنانے میں کلیدی کردار ہے۔
واپڈا کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی تاریخی کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، فخر ہے کہ ارشد کا تعلق واپڈ اسپورٹس بورڈ سے ہے، واپڈا کھلاڑی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔
انجینئر سجاد غنی نے کہا کہ واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے، واپڈا کھلاڑی گزشتہ 2 سال میں عالمی مقابلوں میں پاکستان کیلئے 44 گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔
اس موقع پر واپڈا سے تعلق رکھنے والی سائبل سہیل، ویرونیکا سہیل اور ٹوئنکل سہیل کوبھی کیش ایوارڈ دیا گیا، تینوں بہنوں نے پاکستان کی نمائندگی کرکے جنوبی افریقہ میں پاورلفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔