ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کو دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی جلسے کی این او سی جاری کر دی گئی۔

اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ جلسے کا این او سی جی ایچ کیو کی اجازت سے مشروط کیا گیا۔ جلسے کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔

این او سی میں کہا گیا کہ مظاہرین کو پُرامن  منتشر کرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہوگی، اسٹیج پر آنے والے افراد کی لسٹ 12 گھنٹے قبل ایڈمنسٹریشن کو دینا ہوگی، آرگنائزر پرائیویٹ سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کو آگاہ کرے گا۔

اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی کیمرے لگائے جائیں گے، کسی قسم کے تشدد، جھگڑے اور اموات کی صورت میں آرگنائزر ذمہ دار ہوگا، راستے بند نہیں کیے جائیں گے ورنہ خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا اور طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان حلفی جمع کرا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریز کرنے پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اس عمر کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کی عوام میں مقبولیت سے خوفزدہ ہے، حکومت 2 جولائی کو اسلام آباد جلسے کی منظوری میں حیلے بہانے کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور جلسوں سے ڈر رہے ہیں، اس خوفزدہ امپورٹڈ ٹولے کا کیا بنے گا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں بڑے عوامی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں