پیرس: فرانس کے ایک دیہی علاقے میں ایک مرغے پر الزام عاید کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بانگ کے ذریعے گڑ بڑ پھیلا رہا ہے، جس پر مقامی لوگوں نے اس کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس کے علاقے سینٹ پیری ڈی اولیرون میں ایک مرغے نے اپنی بہت زیادہ تیز آواز میں بانگ کے ذریعے پاس پڑوس کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
مورِس نامی مرغے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد اس نے شہرت حاصل کر لی ہے، مرغے پر پڑوس میں گڑ بڑ پھیلانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ یہ مرغا صبح ہوتے ہی بانگ دینا شروع کرتا ہے اور ساڑھے آٹھ بجے تک بغیر رکے بانگ دیے چلا جاتا ہے، جس کی تیز آواز آس پاس لوگوں کی سماعتوں پر شدید ناگوار گزرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خشک سالی سے نجات، بھارت میں مینڈکوں کی شادی کرادی گئی
لوگوں کا کہنا ہے کہ مرغے نے ان کا سکون برباد کر دیا ہے، دوسری طرف مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں پرندوں کی پکار ایک عام بات ہے، ایسے علاقوں میں دیگر جانور جیسا گدھے اور مینڈک بھی شور مچاتے رہتے ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق علاقہ سیاحوں کے لیے پرسکون ہونا چاہیے جب کہ مرغے کے مالک کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو اپنی شرایط منوانے کا حق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس مرغے کے خلاف دو سال قبل درخواست دائر کی گئی تھی جس پر اس کے ڈربے کو ہٹائے جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم مالک نے ڈربہ ہٹانے کی بہ جائے مرغے کو باہر نکالنا بند کر دیا تھا، گزشتہ برس یہ معاملہ ایک بار پھر اٹھایا گیا جس کے بعد سے اب تک معاملہ حل نہیں کیا جا سکا ہے۔