فن لینڈ: موبائل کی معروف کمپنی نوکیا نے ایک بار پھر اپنے قدم جمانے کے لیے طاقت ور بیٹری کے ساتھ نیا اینڈرائیڈ فون متعارف کروادیا جو مسلسل دو روز تک بغیر چارج کیے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدید دور کے حساب سے موبائل فون بنانے والی کمپنیز ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے نت نئے فیچرز والے فون متعارف کرواتی ہیں تاکہ مارکیٹ میں اپنی جگہ مستحکم رکھ سکیں۔
آئی فون ، سام سنگ اور دیگر کمپنیاں نئے ماڈلز میں بہترین کیمرے، ٹاک ٹائم اور دیگر سہولیات کو پیش کرتی ہیں تاکہ صارف دلچسپی ظاہر کرے اور اسے خرید سکے۔
موبائل کی دنیا میں بڑا نام بنانے والی کمپنی نوکیا کے بارے میں تاثر عام ہوگیا تھا کہ ونڈوز فون کے بعد اب یہ دوبارہ مارکیٹ میں قدم نہیں جما سکے گی تاہم نوکیا یکے بعددیگرے نئےفیچرز والے موبائل بنا کر مارکیٹ میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے۔
اینڈرائیڈ فیچر کے ساتھ پیش کیے جانے والے اس فون کو ’نوکیا 2‘ کا نام دیا گیا ہے، 4100 ایم ای ایچ بیٹری کی وجہ سے یہ فون دو روز تک چلنے کی صلاحیت جبکہ اس فون پر پانچ گھنٹے تک بات کی جاسکتی ہے۔
نوکیا 2 کی ریم 1 جی بی ، اسکرین 5 انچ کی ہے جبکہ اس میں 8 میگا پکسل بیک اور 5 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ شامل کیا گیا ہے، موبائل کی اپنی اسٹوریج 8 جی بی ہے اور اس میں علیحدہ میموری کارڈ کے لیے سلاڈ بھی دی گئی ہے۔
ایک روز قبل نوکیا کی جانب سے متعارف کیے جانے والے فون کی قیمت 120 ڈالر یعنی پاکستانی روپے کے حساب سے بارہ ہزار 640 (12،640) روپے مقرر کی گئی ہے۔
چیف پروڈکٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ فون کی تیاری کے وقت صارفین کی خواہشات کو مدنظر رکھا گیا ، عام طور پر اینڈرائیڈ صارفین کو بیٹری کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے اس لیے اب یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
نوکیا کا نیا فون رواں برس نومبر میں منعقد ہونے والے فون فیسٹیول جبکہ مارکیٹ میں اگلے برس فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی متوقع قیمت 120 ڈالر تک ہوگی، کمپنی کی جانب سے یہ فون مارکیٹ میں آئندہ برس فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔