اداکار نعمان حبیب نے بشریٰ انصاری کو نہ جاننے کے بیان پر یوٹیوبر ڈکی بھائی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
شوبز انڈسٹری کے اداکار نعمان حبیب نے ڈکی بھائی کے حالیہ تبصروں پر سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی حمایت کی اور یوٹیوبر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
نعمان حبیب نے لکھا کہ ’براہ کرم ڈکی بھائی برا مت ماننا، جب میں اور تم نے ڈائپر پہننا بھی شروع نہیں کیے تھے تب بھی دی لیجنڈ بشریٰ انصاری کو پورا پاکستان جانتا تھا اور آج بھی جانتا ہے، بڑی بات ہے کہ تم نہیں جانتے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ بے عزتی ہے بھائی۔‘
اداکار کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین نے سینئر اداکار کی حمایت کرنے پر ان کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ میزبان نے ڈکی بھائی سے سے سوال کیا کہ اگر کوئی ان پر یا دوسرے فیملی ولاگر پر تنقید کرتا ہے تو وہ اس پر کیا رد عمل دیتے ہیں، مثال کے طور پر حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ولاگر پر تنقید کی، اس پر وہ کیا جواب دیتے ہیں؟
اسی دوران میزبان نے ڈکی بھائی کو بشریٰ انصاری کی آڈیو کلپ بھی سنائی جو کہ انہوں نے پوڈکاسٹ میں چلائی، جس میں بشریٰ انصاری کسی کا نام لیے بغیر ولاگرز پر تنقید کرتی دکھائی دیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہیں ولاگرز نہیں بلکہ ولاگرز کی ویڈیوز دیکھنے والوں پر حیرانگی ہوتی ہے کہ وہ کس طرح کا مواد دیکھ رہے ہیں، جس کا سر اور پیر تک نہیں ہوتا۔
ان کی آڈیو کلپ سننے کے بعد ڈکی بھائی نے دعویٰ کیا کہ وہ بات کرنے والی خاتون اداکارہ کو نہیں جانتے، صرف انہوں نے ان کی شکل دیکھ رکھی ہے، چہرے سے کچھ اداکار انہیں یاد آجاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بشریٰ انصاری کو نہیں جانتے اور یہ کہ اداکارہ احساس محرومی کا شکار ہیں جو محنت کرنے اور خود کو تبدیل کرنے کے بجائے یوٹیوبرز اور ولاگرز پر تنقید کر رہی ہیں۔