اداکار نعمان حبیب نے انکشاف کیا کہ انہیں سینئر اداکار نے کہا تھا کہ تم اداکار نہیں بن سکتے انڈسٹری چھوڑ دو۔
ڈرامہ انڈسٹری معروف اداکار نعمان حبیب نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اس دوران شوبز کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک دفعہ ایک سینئر اداکار نے یہ بھی کہا تھا کہ میں کبھی ایک اچھا ایکٹر نہیں بن سکتا اور مجھے یہ انڈسٹری چھوڑ دینی چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پھر جب میں گھر آیا تو میں نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ وہ سینئر ہیں، وہ ٹھیک ہی کہہ رہے ہوں گے تو میں نے اپنے آپ سے کہا کہ میں آج ہی ہار مان گیا تو خود کو کیا جواب دوں گا اور میں نے عہد کیا کہ خود کو ثابت کرکے رہوں گا۔
یہ پڑھیں: نعمان حبیب کی بیٹیوں کے ساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل
نعمان نے بتایا کہ دو سال پہلے مجھے انہی سینئر اداکار کا فون آیا اور انہوں نے مجھے ایک اسکرپٹ دیا اور کہا کہ میرے خیال میں تم واحد پاکستان میں ایکٹر ہو جو اس اسکرپٹ پر کام کرسکتے ہو ، تو یہ سن کر میں اللہ کا شکر ادا کررہا تھا کہ یہ وہی بندہ ہے جس نے کہا تھا کہ میں ایکٹر ہی نہیں بن سکتا اور آج کہہ رہا ہے کہ میرے علاوہ یہ کوئی کر ہی نہیں سکتا۔
نعمان نے اپنے شوبز کرئیر کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا جب اداکار نہیں تھا تو اکثر ہمیں لوگ ڈانٹ کر بھگا دیا کرتے تھےلیکن جب میں نے اداکاری شروع کی تو لوگوں کا رویہ تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا۔
نعمان نے کہا کہ وہی لوگ جو ڈانٹ کر گھر سے بھگایا کرتے تھے، وہ آتے جاتے کہتے کہ ’ارے نعمان بیٹا کبھی گھر پر آیا کرو ، چایے پیا کرو ہمارے ساتھ ‘۔
یاد رہے کہ نعمان حبیب 2016 میں اداکارہ عصمہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور اس جوڑی کے دو بیٹیاں ہیں جن کا نام عائشہ نعمان اور زارا نعمان ہے۔