کراچی : محکمہ کسٹمز نے گزشتہ روز ایکسائز افسران کے زیر استعمال نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑی تھیں، جس کے بعد دونوں محکموں کے افسران میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑے جانے پر محکمہ ایکسائز نارکوٹکس اور کسٹمز کے افسران آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایکسائز کی جانب سے سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں پکڑی گئی تھیں مذکورہ 4گاڑیوں میں کسٹمز کے اعلیٰ افسر فیملی کے سمیت سوار تھے۔
ایکسائز پولیس کی جانب سے چیکنگ کرنے پر گاڑیاں نان کسٹم پیڈ نکلیں، اس موقع پر ایک کسٹم افسر اپنی فیملی سمیت گاڑی میں موقع سے روانہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق دیگر 3 گاڑیاں ڈی جی ایکسائز نے اپنی تحویل میں لے لیں، اس معاملے پر کسٹمز اور ایکسائز افسران کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوگئی۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر مقامی پولیس کی نفری موقع پرطلب کرلی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ کسٹمز کے عملے نے ایکسائز افسران کی گاڑیاں پکڑی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر کسٹمز افسران کی متعدد گاڑیاں پکڑیں۔
مزید پڑھیں : نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اوراسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن
یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے ایسی گاڑیوں اور اسمگلنگ کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا تھا۔
اس حوالے سے ڈی جی کسٹم مسعود احمد کا کہنا تھا کہ 17مختلف کارروائیوں میں غیرقانونی لگژری گاڑیاں اور ہیوی بائیکس ضبط کی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران اسمگل شدہ الیکٹرانک سامان، پلاسٹک دانہ اور مختلف غیرقانونی اشیاء ضبط کی گئی تھیں۔