جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

مولانا فضل الرحمان مخلوق پر رحم کریں اور شرکاء کو گھر جانے دیں، نورالحق قادری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ مولانا سے درخواست ہے اللہ کی مخلوق پر رحم کریں انہیں گھر جانے دیں، حکومت نے حج ادائیگی میں آسانیاں پیدا کردی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کہا ہے کہ وہ کسی طرح الیکشن میں دھاندلی ثابت کردیں، قبل از وقت الیکشن کیلئے دھاندلی ثابت کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا موسم دن بدن ٹھنڈا اورمشکل ہوتا جارہا ہے، دھرنے والوں کے لئے نیک خواہشات ہیں، مولانا سے درخواست ہے اللہ کی مخلوق پر رحم کریں انہیں گھر جانے دیں، ہم ان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مولوی صاحب کہتے ہیں کہ کرتار پور سستا اور حج مہنگا کردیا گیا، ان کیلئےعرض کرتا چلوں کہ کرتار پور صرف چار کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، سکھ یاتری صرف ایک دن کیلئے آتے ہیں، اس لئے سستا ہے۔

نوازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق نورالحق قادری نے کہا کہ تکنیکی معاملات کی وجہ سے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں تاخیر ہے، تکنیکی معاملات نیب، وزارت داخلہ اور کچھ اداروں کے مابین ہیں، حکومت نوازشریف کی روانگی میں رکاوٹ نہیں ڈال رہی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ حج ایک امتحان اور مشقت کا سفر ہے، انسان کو اپنی تمام وابستگیاں چھوڑ کر عازمین حج ہونا پڑتا ہے جبکہ آج حج وائی فائی کیلئے حج بن گیا ہے، لوگ ہم سے شکایت کرتے ہیں وائی فائی نہیں چل رہا، وہاں لوگ شیطان کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں۔

نورالحق قادری نے کہا کہ دوران حج وی آئی پی سہولتوں کا تقاضا کیا جاتا ہے، حاجی حضرات3 وقت گوشت کے ساتھ کھانے کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت نے حج کی ادائیگی میں بڑی حد تک آسانیاں پیدا کردی ہیں، حج کوٹہ دو لاکھ کرکے کوئٹہ اور پشاور سے بھی حج آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں