اسلام آباد : وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کی طاقت کو جو للکارے گا وہ نیست ونابود ہوجائے گا، مضبوط پاکستان ہی کشمیر کو آزاد کراسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزارت مذہبی امور کی جانب سے محرم الحرام کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا۔
نور الحق قادری نے کہا کہ دنیا بھر میں ظلوم کشمیر کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کی جارہی ہے، بھارت کے اندر سے بھی مظلوم کشمیریوں کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
مضبوط پاکستان ہی کشمیر کو آزاد کراسکتا ہے جو پاکستان کی طاقت کو للکارے گا وہ نیست ونابود ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو فرقوں میں بٹنے کے بجائے سب کو متحد ہوناچاہیے۔
علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور نے محرم الحرام کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ تمام مکاتب فکر محبت اور رواداری کو فروغ دیں گے،ایک دوسرے کے اکابرین کے بارے میں احترام کیا جائے،علما اور مقررین اپنی تقریروں میں اشتعال سے گریز کریں۔
وفاقی وزارت مذہبی امور میں اہم اجلاس کے بعد وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ فرقہ واریت کشمیریوں کی کسی طرح مدد نہیں کرسکتی۔
محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے پیمرا اور میڈیا اداروں کو خطوط لکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نفرت پھیلانے والے لوگوں کو موقع نہ دے۔