اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں، اسلام آباد پرسکون ہے، نورالحق قادری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں، اسلام آباد پرسکون ہے، جو بد نظمی پھیلائے گا اس سے اسی طرح نمٹا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سنیں گے اور جائز چیزوں پر غور کیا جائے گا،پرامن دھرنا یا احتجاج والوں کو ہر سہولت فراہم کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بد نظمی پھیلائے گا اس سے اسی طرح نمٹا جائے گا، کچھ لوگ آگ اورشعلے، کچھ پھول اور شہد کی باتیں کرتے ہیں۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حکومت کو کوئی گھبراہٹ نہیں، اسلام آباد پرسکون ہے، بات چیت کر کے مولانا کو راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے سلسلے میں فوج بلانے کا آپشن زیر غور نہیں ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا تمام اپوزیشن جماعتوں سے گزارش ہے آ کر بات کریں، اگر اپنے مطالبات سامنے نہیں لائیں گے تو افراتفری ہوگی، جس کی ذمہ دار وہی جماعتیں ہوں گی، اگر آپ ہم سے بات نہیں کریں گے تو پھر ہم اپنا فرض ادا کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں