اسلام آباد : وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ایوان صد رمیں علماء کرام سے مشاورتی اجلاس کل ہوگا، جس میں ماہ رمضان میں تراویح اور جمعہ نماز سے متعلق لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی زیرصدارت علما کرام کے مشاورتی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے علماء کرام اور صوبائی حکومتوں سے رابطےآخری مراحل میں داخل ہوگئے.۔
ایوان صدر میں علما کرام کا مشاورتی اجلاس کل منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اجلاس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء سے مشاورت کے بعد ماہ رمضان، تراویح اور جمعہ نماز کےاجتماعات پر لائحہ ترتیب جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں سے تجاویز مرتب کی گئی ہیں، صدر مملکت کی ہدایات پراتفاق رائے کیلئے مشاورت بھی جاری ہے، علماء کرام اورحکومتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں علماء صوبوں کے گورنر ہاؤسز سے ویڈیو لنک کے ذریعےشرکت کریں گے، راولپنڈی اسلام آباد کے علماء کرام ایوان صدر میں موجود ہوں گے، صدر مملکت تمام علما کرام کو حکومتی اقدامات پراعتماد میں لیں گے۔