لکی مروت : تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف کرپشن کے ثبوت لے کر نیب جانے والے نور زمان کو قتل کردیا گیا.
تفصیلات کے مطابق نور زمان کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر سے باہر کسی کام کے لیے گئے ہوئے تھے کہ انہیں راستے میں نشانہ بنادیا گیا.
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مقتول نور زمان کی لاش قریبی اسپتال منتقل کی جہاں ان کی موت کی وجہ زیادہ خون بہہ جانا اور حرکت قلب بند ہونا بتایا گیا.
پولیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نور زمان کو قتل کرنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جنہیں عینی شاہدین کی مدد سے جلد گرفتار کیا جائے گا جس کے لیے عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں.
اسی سے متعلق : عائشہ گلالئی کے خلاف نیب خیبرپختونخوا میں ریفرنس کیلئے درخواست دائر
خیال رہے نور زمان نے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے شواہد کے ہمراہ نیب میں درخواست بھی جمع کرائی تھی جس میں مخلتف ترقیاتی پروجیکٹس کی مد میں لی گئی رشوت کو بھی بے نقاب کیا گیا تھا.
یاد رہے نورزمان جو رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے ذاتی معاون کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں نے عائشہ گلا لئی کے تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ عائشہ گلالئی کونسلرکو ٹکٹ دلوانے کےلئے دس لاکھ روپے میں ڈیل کرتی تھیں اور یہ معاملات عائشہ گلالئی کے والد کروایا کرتے تھے.