کراچی : سپرہائی وے نوری آباد کے قریب بس میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ کوچ کے ڈرائیوراور مالک کیخلاف درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سپرہائی وے نوری آباد کےقریب بس میں آتشزدگی کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
نوری آباد تھانےمیں درج ایف آئی آر میں کوچ کے ڈرائیوراور مالک کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں حادثہ کوچ مالک اور ڈرائیورکی لاپروائی کے باعث پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، افسوسناک واقعے میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب نوری آباد پر بس میں آگ لگنے سے جاں بحق اٹھارہ افراد کی تدفین کردی گئی ہے۔
خیرپورناتھن شاہ کے گاؤں میں ایک ہی برادری کے اٹھارہ جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا، نماز جنازہ میں عوام کی بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
یاد رہے صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں کراچی سے پنجاب جانے والے مسافر بس میں اچانک خوفناک آگ لگ گئی ، آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ اس نے فوری طور پر بس کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
مسافر بس میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 18 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی مسافروں نےجان بچانے کیلئے چلتی گاڑی سے چھلانگیں لگادی تھیں۔