کراچی : نارتھ کراچی میں ہونے والے ڈمپر حادثے کی ایکسکلوسیو فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق نارتھ کراچی حادثے کی ویڈیو میں براہ راست ڈمپر اور موٹر سائیکل کو دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور موٹر سائیکل اور اس کے سوار کو سڑک پر روندتا ہوا لے کر جا رہا ہے۔
ویڈیو میں ڈمپر کے نیچے موٹر سائیکل کو رگڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، حادثے کے فوری بعد شہریوں کی جانب سے ڈمپر کا پیچھا کیا گیا۔ عوام کی بڑی تعداد نوجوان کو بچانے کیلیے ڈمپر کے پیچھے پیدل اور موٹر سائیکلوں پر دوڑتی رہی۔
مزید پڑھیں : نارتھ کراچی حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 10 ٹرک اور ڈمپروں کو جلا دیا
یاد رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نارتھ کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر تیز رفتار ڈمپر کی موٹر سائیکل سوار کو ٹکر کے واقعے کے بعد چند گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرک اور ڈمپروں سمیت مجموعی طور پر 10 بڑی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاور ہاؤس کے قریب 5 ڈمپروں کو آگ لگائی گئی جبکہ نارتھ کراچی مدیحہ اسٹاپ پر 3 واٹر ٹینکر اور ایک برف کے ٹرک کو نذر آتش کیا گیا۔