واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بلیسٹک تجربات کے 4 مقامات کو تباہ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس میں بتایا کہ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، انہوں نے میزائل کے ارسال کا سلسلہ روک دیا ہے جن میں بیلسٹک میزائل بھی شامل ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق شمالی کوریا کے حکام نے درحقیقت اپنے تجربات کے 4 بڑے مقامات کو تباہ کردیا ہے، یہ امر جوہری ہتھیاروں کے مکمل طور پر تلف کیے جانے سے متعلق ہے اور اس کا آغاز ہوگیا ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تجزیہ کاروں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان تاریخی ملاقات کے نتائج کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی عہدیدار نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا نے امریکا کو کوریا کی جنگ میں مارے جانے والے 200 امریکی فوجیوں کی باقیات بطور پہلی کھیپ حوالے کردی ہیں، یہ پیش رفت سنگاپور میں ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کے دوران طے پائے جانے والے معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ نے 12 جون کو سنگاپور کے جزیرے سینتوزا میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے تاریخی ملاقات کی تھی اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اہم دستاویز پر دستخط بھی کئے گئے تھے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات نے دنیا کو جوہری آفت سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں ہے۔