شمالی کوریا نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی وحشیانہ بمباری میں اپنے سب سے بڑے حریف ملک امریکا کو بھی شریک جرم قرار دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں غزہ کے اسپتال پر بمباری کا ذمہ داری اسرائیل کو ٹھہرایا۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کھلے عام جنگ جرائم کر رہا ہے اور اس کو امریکا کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اسرائیل کو فلسطینیوں پر بغیر کسی خوف کے مظالم ڈھانے کا اشارہ دے رہا ہے۔
شمالی کوریا نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کی سپورٹ کیلیے مشرق وسطیٰ میں اپنے طیارہ بردار بحری جہاز کھڑے کر رکھے ہیں اور اسے ہتھیار اور فوجی مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکا فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسے بڑھاوا دینے میں ملوث ہے۔ شمالی کوریا اکثر بین الاقوامی معاملات پر مغربی اور خاص طور پر امریکی میڈیا پر تنقید کرتا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے رواں ماہ بتایا تھا کہ غزہ کے اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 471 فلسطینی شہید ہوئے۔ فسلطین اور عرب ممالک نے اس کا ذمہ داری اسرائیل کو ٹھہرایا تھا۔