سیئول: شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے خلاف ’کچرے کی جنگ‘ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے خلاف ’ٹریش وار‘ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غباروں کے ذریعے جنوبی کوریا کی حدود میں مزید کچرا نہیں پھینکیں گے۔
شمالی کوریا نے 3 ہزار 500 غباروں کی مدد سے 15 ٹن کچرا ہمسایہ ملک جنوبی کوریا بھیجا تھا، ان غباروں میں پلاسٹک کی بوتلیں، بیٹری سیل، کٹے پھٹے جوتے اور کھاد شامل تھی، نائب وزیر دفاع کِم کانگ اِل کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کو سبق مل چکا ہوگا کہ کچرا پھینکنا کتنا ناخوش گوار ہے اور کچرا سمیٹنے اور صفائی کرنے میں کتنی محنت کرنی پڑتی ہے۔
روئٹرز کے مطابق شمالی کوریا نے اتوار کے روز کہا کہ وہ سرحد پر کچرا لے جانے والے غباروں کو جنوبی کوریا بھیجنا بند کر دے گا، لیکن اگر جنوبی کوریا سے دوبارہ شمالی کوریا مخالف پرچے اڑائے گئے تو یہ مشق دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
دوسری طرف جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کونسل نے کچرے والے غباروں اور جی پی ایس جام کرنے کے اقدامات کو قابل مذمت اور اشتعال انگیزی قرار دیا، جنوبی کوریا نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کچرا لے جانے والے غبارے سرحد پر بھیجنے کے جواب میں ایسے اقدامات کرے گا جو شمالی کوریا کے لیے ناقابل برداشت ہوں گے، ان اقدامات میں سے ایک لاؤڈ اسپیکر سے شمال کی طرف کیا جانے والا پروپیگنڈا بھی شامل ہوگا۔
واضح رہے کہ سیئول نے پہلے بھی شمالی کوریا کے خلاف ’’لاؤڈ اسپیکر کے دھماکوں‘‘ کی ایک مہم چلائی تھی، جسے بعد ازاں 2018 میں کم جونگ اُن کے ساتھ سربراہی ملاقات کے بعد روک دیا گیا تھا۔