اوسلو/کراچی : ناروے کےانیجینئرز کے انکار کے بعد قومی ایئرلائن کے انجینئرز نے یورپ میں سخت سردی کے باوجود مسافر طیارے کی مرمت کرکے اڑان کے قابل بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق ناروے میں اوسلو سے لاہور آنے والی پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 752 کے طیارے بوئنگ 777 کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے ناروے کے مقامی انجینئرز سے انجن کی مرمت کی درخواست کی تاہم انہوں نے سخت سردی کے باعث مرمتی کام انجام دینے سے انکار کردیا تھا۔

پاکستانی انجینئرز نے اوسلو پہنچ کر غیر موافق موسم میں سخت سردی کے باوجود تین گھنٹے لگاتار محنت کرکے طیارے کے خراب انجن کی فنی خرابی دور کی اور اس کے بعد پرواز پی کے 752 کو لاہور روانہ کردیا۔
پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے انجینئرز کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور برفباری میں انجینئرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر پی آئی اے کے طیارے کو اڑان کے قابل بنا کر پاکستانیوں کو واپس پہنچایا۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل
خیال رہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز اس سے قبل بھی کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں، گزشتہ برس مارچ میں قومی ایئرلائن کے انجینئرز سے نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے-320 جہاز کا پہلا چیک اے مکمل کیا تھا۔
پی آئی اے انجینئر کو داد دیتے ہوئے سابق مشیر ہوا بازی سردار مہتاب کہا تھا کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے انجینئرز نے ہمیشہ کم وقت میں زبردست نتائج دئیے ہیں۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں



