اسلام آباد : وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ قومی اتفاق رائے کے بعد آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل تباہ کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناروے کے وزیر خارجہ کی سربراہی میں آنے والے وفد سے کیا، وزیر خارجہ نارویجین نے سانحہ کوئٹہ پر ناروے کے وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے دلی رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے ترک وفد سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’’دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں‘‘۔
پڑھیں: سانحہ کوئٹہ: دو مزید زخمی دم توڑ گئے ، شہدا کی تعداد72 ہوگئی
میاں محمد نوازشریف نے ناروے وفد کو بتایا کہ ’’آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سے دشمن کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کردیا ہے، اس آپریشن میں پاک افواج نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں‘‘۔
اس ملاقات میں ناروے کے وزیر خارجہ نے ’’اپنے ملک کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی اور آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا‘‘۔