ناروے : یورپی ملک ناورے کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کر لی اور اسپین نے بھی فلسطین کو تسلیم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مملکت فلسطین کو تسلیم کرنے والے ملکوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، ناورے کی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والا بل حکومتی اتحاد نے چھوٹی جماعتوں کے پر زور مطالبے پر پیش کیا، جس میں فلسطین کو فوری طور پر ریاست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا،
پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ اسمبلی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے لیے تیار رہے۔
دوسری جانب ہسپانوی وزیرِ اعطم نے بھی فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر قبول کرنے کا اعلان کر دیا، ہسپانوی پارلیمنٹ نے مملکت فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے حکومت کو پیش کردہ سفارشی قرار داد کو متفقہ طور پر قبول کیا تھا۔
خیال رہے کہ یورپی ممالک آئس لینڈ، سویڈن، پولینڈ، چیک ریپبلک اور رومانیا پہلے ہی فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کر چکے ہیں جبکہ بیلجیئم نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔