کراچی : چیف جسٹس آف پاکستان نے پی آئی اے میں نئی تقرریوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے بھرتیوں پر پابندی عائد کردی، ادارے کی نجکاری پر سپریم کورٹ نے وزیردفاع، چیئرمین پی آئی اے اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کا نوٹس لے لیا، قومی ائیرلائن کی نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔
کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کیا حکومت پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی ارادہ رکھتی ہے؟ عدالت نے وفاق اور وزارت دفاع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔
سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں نئی تقرریوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک پی آئی اے میں کوئی نئی بھرتی نہ کرنے کا تحریری حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے نے بین الاقوامی پرواز کے معیارکی دھجیاں اڑا دیں
چیف جسٹس نے دیگرائیر لائنز کو منافع بخش روٹ دینے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے کو بھی نوٹس جاری کردیا، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 6 ماہ کے اندر بند ہونے والے منافع بخش روٹس کی تفصیلات پیش کی جائیں, چیف جسٹس نے کیس کی سماعت 9اپریل کواسلام آباد میں مقررکرنے کی ہدایت کردی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔