کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں اضافے اور کچھ شعبوں میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کا امکان ہے، وزیراعلیٰ سندھ اس ضمن میں وزیراعظم سے مشاورت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن میں اضافے اور کچھ شعبوں میں نرمی کا نوٹی فکیشن متوقع ہے ، ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کچھ کاروبارایس اوپی کےتحت کھولنےکی رعایت دی جائےگی، تاجروں اورمختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والوں کواعتمادمیں لیاجائےگا، وزیراعلیٰ سندھ اس ضمن میں وزیراعظم سے مشاورت کریں گے۔
گذشتہ روز سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کی خبروں کی تردید کی تھی ، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، آج لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کاروبارکیلئے ایس او پیز کے تحت رعایت دی جائے، مشاور ت جاری ہے، مکمل ہونے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح عوام کی صحت اور زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ ایس او پیز کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی، فی الحال صرف آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔
خیال رہے 24 گھنٹوں میں سندھ میں کروناوائرس سے مزید 12 اموات ہوئیں، یہ اموات 24 گھنٹے کے دورانیے میں سب سے زیادہ ہیں،جس سے سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد112 ہوگئی جبکہمریضوں کی مجموعی تعداد 6053 ہوگئی ہے۔