الیکشن کمیشن نے سندھ اور بلوچستان سے قومی اسمبلی کی خواتین کی 25 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سے صوبہ سندھ اور بلوچستان سے خواتین کی 25 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ ان میں سندھ سے قومی اسمبلی کی 14 اور بلوچستان سے 11 نشستیں شامل ہیں جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
سندھ اسمبلی سے قومی اسمبلی کی خواتین کی 14 مخصوص نشستوں میں سے پیپلز پارٹی کے حصے میں 10 نشستیں آئی ہیں جب کہ 4 نشستیں ایم کیو ایم پاکستان کو دی گئی ہیں۔
سندھ سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پیپلز پارٹی کے کوٹے پر جن کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں ان میں شازیہ مری، نفیسہ شاہ، شگفتہ جمانی، شاہدہ رحمانی، شہلا رضا، ناز بلوچ، مہرین رزاق بھٹو شامل ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کوٹے پر آسیہ اسحاق صدیقی، سبین غوری اور نگہت شکیل خان بھی شامل ہیں۔
بلوچستان کی قومی اسمبلی کی 11 مخصوص نشستوں میں سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو تین، تین، جے یو آئی کو دو، نیشنل پارٹی اور اے این پی کو ایک ایک نشست ملی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان سے پی پی کے کوٹے پر غزالہ گولہ، مینا مجید بلوچ اور شہناز عمرانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کی اگیا ہے جب کہ ن لیگ کی راحیلہ حمید درانی، ہدیہ نواز اور ربابہ خان بلیدی کامیاب قرار پائی ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کی شاہدہ رؤف اور صفیہ، بی اے پی کی فرح عظیم شاہ، اے این پی کی سلمیٰ اور نیشنل پارٹی کی ام کلثوم کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی سے کامیاب 6 آزاد امیدواروں میں سے 5 نے سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی جب کہ تین حلقوں پر کامیابی کے نوٹیفکیشن زیر التوا ہیں۔