نیویارک: یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں غلطی سے لائن جج کو گیند مار دینے پر ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ ڈس کوالیفائی ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
مذکورہ واقعہ امریکی شہر نیویارک میں جاری یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچ کے دوران پیش آیا۔ نوواک جوکووچ اسپین کے کھلاڑی پابلو کیرینو بسٹا کے ساتھ کھیل رہے تھے اور 6-5 پوائنٹس کے خسارے میں تھے۔
میچ کے دوران انہوں نے مایوسی کے عالم میں اپنی جیب سے گیند نکالی اور اسے ریکٹ کی مدد سے پیچھے کی جانب اچھال دیا، یہ جانے بغیر کہ اس سمت میں ایک لائن جج موجود تھیں جن کی گردن پر گیند جا لگی۔
HUGE: Novak Djokovic got disqualified from the US Open for this.
That was a nasty hit.
I hope that lady is ok.#Djokovic#USOpenpic.twitter.com/wwpeLVU8FN
— Parallel Pundir 🕙 (@pundirlol) September 6, 2020
جج کو طبی امداد دی گئی، اس دوران منتظمین کے درمیان بحث چلتی رہی جس کے آخر میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ جوکووچ کو ڈس کوالیفائی کردیا جائے گا جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرینڈ سلیم کے قوانین کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی موقع پر کسی منتظم، حریف، تماشائی یا ٹورنامنٹ کے دائرہ کار میں موجود کسی بھی فرد کو جسمانی تکلیف نہیں پہنچائے گا۔
قوانین کے مطابق ایسی صورت میں ریفری کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گرینڈ سلیم چیف آف سپروائزرز سے مشورہ کر کے کھلاڑی کو میچ میں بلا مقابلہ شکست دے چاہے یہ اس قانون کی پہلی مرتبہ ہی خلاف ورزی کیوں نہ ہو۔
واقعے کے بعد جوکووچ نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کورٹ میں موجود ٹورنامنٹ ریفری اور گرینڈ سلیم سپروائزر کے ساتھ خاصی لمبی بحث کی، تاہم آخر کار انہیں یہ فیصلہ قبول کرتے ہوئے مخالف کھلاڑی کیرینو بسٹا سے ہاتھ ملا کر اپنی شکست تسلیم کرنی پڑی۔
واپسی کے بعد نوواک جوکوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر طویل پوسٹ میں واقعے پر معذرت طلب کی۔ انہوں نے شرمندگی اور اداسی کا اظہار کرتے ہوئے لائن جج سے معذرت طلب کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جوکووچ نے کہا کہ یہ ایک نادانستہ عمل تھا اور میں اس کے لیے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ اور اس سے منسلک تمام افراد سے معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ انہیں بطور کھلاڑی اور انسان بہتر ہونے میں مدد دے گا۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد سے یہ ٹینس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ہے جو تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا گیا ہے۔ 33 سالہ جوکووچ اگر یہ ٹورنامنٹ جیت جاتے تو یہ ان کی اٹھارویں گرینڈ سلیم ٹائٹل فتح ہوتی۔