سربیا کے اسٹار ٹینس پلیئر نواک جوکووچ نے انکشاف کیا ہے کہ 2022 میں میلبرن میں انہیں زہر دیا گیا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے کہا کہ آسٹریلوی حکام نے انہیں آسٹریلین اوپن میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی، ڈی پورٹ ہونے کے بعد سربیا واپسی پر صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے محسوس کیا کہ میلبرن کے ہوٹل میں مجھے زہریلی خوراک دی گئی۔
ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ میں نے یہ بات کبھی کسی کو عوامی طور پر نہیں بتائی لیکن پتہ چلا میرے جسم میں کافی دھات اور مرکری پائی گئی تھی۔
جوکووچ نے رواں ہفتے میلبورن کے ہیرالڈ سن اخبار کو بتایا کہ وہ اب بھی 3 سال پہلے کے تجربات سے صدمے کا شکار ہیں اور شہر کے ائیرپورٹ پر پہنچ کر تناؤ محسوس کرتے ہیں۔
نواک جوکووچ نے کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ نے پرائیویسی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا ویکسین کے معاملے پر جوکووچ نے غلط دستاویزات پیش کی تھیں جس پر ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔