کورونا ویکسین نہ لگوانے کے فیصلے پر بضد سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ امریکا میں ہونے والے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
عالمی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں یو ایس اوپن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ میں اس بار یو ایس اوپن کے لیے نیویارک کا سفر نہیں کر سکوں گا۔
آپ کے پیار اور حمایت کے پیغامات کے لیے #NoleFam کا شکریہ، میری نیک تمنائیں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ میں اچھی حالت اور مثبت جذبے میں رہوں گا اور دوبارہ مقابلہ کرنے کے موقع کا انتظار کروں گا، جلد ملتے ہیں!۔
Sadly, I will not be able to travel to NY this time for US Open. Thank you #NoleFam for your messages of love and support. ❤️ Good luck to my fellow players! I’ll keep in good shape and positive spirit and wait for an opportunity to compete again. 💪🏼 See you soon tennis world! 👋🏼
— Novak Djokovic (@DjokerNole) August 25, 2022
خیال رہے کہ امریکہ نے غیر ویکسین شدہ افراد کے ملک میں داخلہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے، امریکی قوانین کے مطابق ویزا حاصل کرنے اور ملک میں داخل ہونے کے لیے کسی بھی غیر امریکی شہری کو کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا ضروری ہے۔
جوکووچ نے کورونا ویکسینیشن کرانے سے انکار کر رکھا ہے، کورونا ویکسین نہ لگوانے کے حوالے سے ان کا ہے کہ اپنی ذات پر اپنے فیصلوں کا اصول ان کیلئے کسی ٹائٹل یا کسی اور چیز سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور وہ ویکسینیشن نہیں کروانے چاہتے۔
ٹینس اسٹار ویکسینیشن نہ کروانے کے باعث کئی ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرسکے ہیں، رواں برس کے آغاز میں آسٹریلین حکومت نے ویکسینیشن نہ کروانے کے باعث آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے آئے نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔
اس سے قبل بھی 21 بڑے ٹینس مقابلوں کے ٹائٹل اپنے نام کر نے والے جوکووچ کووڈ ویکسینیشن نہ کروانے کے اپنے فیصلے کے بعد رواں برس کچھ اہم مقابلوں میں شرکت سے محروم رہے تھے۔
35 سالہ سربین اسٹار نے جولائی میں ومبلڈن میں فتح کے ساتھ اپنا 21 واں بڑا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد وہ رافیل نڈال کے 22 ٹائٹلز سے صرف ایک ٹائٹل پیچھے رہ گئے ہیں۔