اسلام آباد : وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب لاہور اور کراچی میں بیٹری پر بسیں چلیں گی ، بیٹری پرچلنےوالی گاڑیاں دنیا کو تبدیل کر کے رکھ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور نجی ٹرانسپورٹ کمپنی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ، وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ٹرانسپورٹ کمپنی لاہور اور کراچی میں بیٹری پر بسیں چلائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسائنس وٹیکنالوجی کی جانب واپس لارہےہیں، بیٹری پر چلنے والی گاڑیاں دنیا کو تبدیل کر کے رکھ دے گی، بیٹری سے چلنے والی بسوں سے ٹرانسپورٹ نظام تبدیل ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا متبادل توانائی پالیسی بھی پاس ہونے جا رہی ہے ، چاہتے ہیں کہ30فیصد بجلی گرین سورسزسے پیدا ہو، حکومت بائیو ٹیکنالوجی پارک بنانے جارہی ہے اور ملک میں ہربل پارک بنانے کیلئے اقدامات کررہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زراعت کا فیوچر ڈرونز کےساتھ وابستہ ہے ، پاکستان میں ایگریکلچر ڈرونزبناناچاہتے ہیں ، میڈیکل ڈرونز بھی بنانا چاہتے ہیں ، نواز شریف کو پھر قطرسے ایئرایمبولینس نہیں منگوانی پڑے گی۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ انشااللہ 6 سے 8 ماہ میں 10ہزار بیٹری رکشے سڑک پر آجائیں گے اور تین سے پانچ سال میں انجن والے رکشوں پر پابندی لگا سکیں گے۔
اس سے قبل اگست میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملک میں الیکٹرونک رکشے اور موٹرسائیکل متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکٹرونک ٹیکنالوجی میں تبدیلی سے ماحول میں کاربن میں کمی آئے گی۔