جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

مسلم امہ کی قیادت پر یقین ہے، امید ہے مایوس نہیں کرے گی: شاہ محمود قریشی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تک پہنچا دیا ہے، اب کشمیر کا مقدمہ سلامتی کونسل ہی میں لڑیں گے، مسلم امہ کی قیادت پر پورا یقین ہے، امید ہے مسلم امہ مایوس نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں کشمیر کے ساتھ یک جہتی اور بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کے لیے ریلی نکالی گئی، جس سے شاہ محمود نے بھی خطاب کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے کل غور فرمائے گی، حالات غیر معمولی ہیں اس لیے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کی تمام قیادت پابند سلاسل ہے، مودی کی 5 اگست کی چال کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے، پوری قوم کو سیسہ پلائی دیوار کی طرح یک جا ہونا ہوگا۔

انھوں نے واضح کیا کہ یہ سیاست کا نہیں کشمیر کاز کا وقت ہے، مودی ہٹلر کا کردار پیش کر رہا ہے، سلامتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مودی سرکار نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی توجہ افغانستان میں امن پر تھی، زلمے خلیل سے کہا تھا پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، لگتا ہے کوئی سازش ہو رہی ہے، ہم بھارت کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے، آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں تاریخی یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، ہم کشمیریوں کا آخری سانس تک ساتھ دیں گے۔

شاہ محمود نے کہا کہ ہمیں مسلم امہ کی قیادت پر پورا یقین ہے، امید ہے مسلم امہ مایوس نہیں کرے گی، ہماری حکومت کا اعزاز ہے کہ معاملے کو سلامتی کونسل لے کر گئے، سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔

انھوں نے کہا کہ یورپی یونین چاہتی ہے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کشمیر سے لا تعلق نہ ہو، یورپی یونین نے بھی مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کو خط لکھا۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز سے گزارش ہے مسئلہ کشمیر پر سیاست نہ کریں، کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہوئی، 50 سال بعد مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر سلامتی کونسل میں زیر بحث آئے گا، مسئلہ کشمیر پر برطانوی پارلیمنٹ میں بھی بے چینی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں