نوشہرہ : حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں مولانا حامد الحق سمیت 3 افراد شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا ہوا ، جس میں مولانا حامد الحق سمیت 3 افراد شہید ہوگئے جبکہ 10 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سنٹرل پولیس آفس نے بتایا کہ دھماکا نمازجمعہ کے بعد مدرسے کے اندر ہوا تاہم دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے پہنچ گئے ہیں جبکہ 6 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں بھی پہنچ گئیں ہیں ، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ کوڑہ خٹک دھماکا کے بعد ایل آر ایچ میں ایمرجنسی کو الرٹ کر دیا گیا ہے ، ایل آر ایچ انتظامیہ اور طبی عملہ زخمیوں کے علاج کیلئے تیار ہے۔
حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا خودکش تھا
ڈی پی او عبدالرشید نے بتایا کہ حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا خودکش تھا، تاہم شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔
دھماکے میں جے یو آئی (س )کے سربراہ کو نشانہ بنایا۔
آئی جی کے پی نے بتایا کہ دھماکے میں جے یو آئی (س )کے سربراہ کو نشانہ بنایا جبکہ پولیس حکام نے کہا کہ مسجد میں نماز جمعہ کے وقت 23 پولیس اہلکار تعینات تھے، مولانا حامد الحق کی سیکیورٹی پر6پولیس اہلکار تعینات تھے تاہم علاقےمیں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت دیگرشہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
مشیرصحت احتشام علی نے بتایا کہ پشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت دیگرشہروں کےاسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈی جی ہیلتھ اورسیکرٹری آفس سمیت تمام مراکز صحت کو الرٹ کردیا ہے ، زخمیوں کو ہر طرح کی طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
اکوڑہ خٹک دھماکے پر گورنر خیبرپختونخوا کا اعلیٰ حکام سے رابطہ، رپورٹ طلب
اکوڑہ خٹک دھماکے پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر فیصل کنڈی نے مولانا حامد الحق حقانی اور دیگر افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک دھماکہ اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے، صوبائی حکومت کی نااہلی اورملی بھگت کاخمیازہ نہ جانےکب تک صوبہ بھگتے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی شدید مذمت
وزیراعظم شہبازشریف نے دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور مولانا حامد الحق سمیت دیگر زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔
شہباز شریف نے زخمیوں کوہرممکن طبی امداد فراہم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ اور مذموم کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف عزم کوپست نہیں کر سکتیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُر عزم ہیں۔
صدرآصف زرداری کی دارالعلوم حقانیہ میں خود کش حملے کی مذمت
صدرآصف زرداری نے بھی دارالعلوم حقانیہ میں خود کش حملے میں نمازیوں کونشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ نمازیوں کونشانہ بنانا مذموم اور گھناؤنا عمل ہے، دہشت گرد ملک وقوم اورانسانیت کے دشمن ہیں۔