اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے نیب ترامیم کی بحالی کو این آر او ٹُو قرار دے دیا اور کہا تحریکِ انصاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھےگی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اوراُن کے حواریوں نے انتخابات کو غیرشفاف بنانے کیلیے پی ٹی آئی دورمیں بنائےگئےقوانین کوختم کیا، این آراو ٹُو دوبارہ رائج ہوچکاہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چور اور مفاد پرست ٹولےکو شفاف انتخابات اوراحتساب کبھی ہضم نہ ہوتے، تحریکِ انصاف اپنی سیاسی جدوجہدجاری رکھےگی اور آٹھ ستمبرکوتاریخ کاسب سےبڑاجلسہ ہوگا۔
قبل ازیں، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی نظرثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی قانون کو بحال کر دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے 5-0 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جس میں جسٹس اطہر من اللہ نے ایک اضافی نوٹ بھی لکھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ فیصلے کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے نیب ترامیم کو غیر آئینی قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی تھیں، جس پر سپریم کورٹ نے 6 جون کو وفاقی حکومت کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔