اداکار سبحان اعوان اور زینب مظہر ڈرامہ سیریل ’انتہا‘ میں پہلی بار اسکرین شیئر کریں گے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’انتہا‘ میں سبحان اعوان اور زینب مظہر کے علاوہ سحر افضل اور فرقان قریشی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
مرکزی کاسٹ کے علاوہ اس میں اداکار جاوید شیخ، عتقیہ اوڈھو، سبرین حسبانی ودیگر اداکار شامل ہیں۔
پہلے ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’ہر مسکراہٹ خوشی کو نہیں چھپاتی، کچھ دھوکا چھپاتے ہیں۔‘
ٹیزر کو یوٹیوب پر لاکھوں سوشل میڈیا صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس کی پہلی قسط دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ اور ڈاکٹر علی کاظمی کی بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کے تحت پروڈیوس کردہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض راؤ ایاز شہزاد نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصنفہ نادیہ احمد نے لکھی ہے۔
ڈرامے میں خوشی اور دھوکا دہی کی کہانی بیان کی گئی ہے جسے جلد اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔