اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا سے فلم اور سنیما صنعت کی بحالی کیلئے تعاون کے خواہاں ہیں، ہم پاکستان میں سنیما کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور پول جونز سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات نے پاک امریکہ دوطرفہ ثقافتی تعلقات اور خصوصاً فلم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ امریکا سے فلم اور سنیما صنعت کی بحالی کیلئے تعاون کے خواہاں ہیں، ہم پاکستان میں سنیما کی تعداد127سے1000تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
سنیما صنعت کے فروغ سے20ہزار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، فلموں کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشن میں تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے حکومت پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی خواہش کا خیر مقدم کیا،پول جونز نے وزیراطلاعات کے دوطرفہ ثقافتی تعلقات کے حوالے سے خیالات کو سراہا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے، ہم اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں،پاکستان ایک جدید جمہوری ریاست ہے، یہاں میڈیا اور عدلیہ مکمل طور پرآزاد ہیں اور تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔