واشنگٹن : ہلاکت خیز وائرس نے امریکا میں مزید تین افراد کو لقمہ اجل بنادیا جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 125 تک پہنچ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مزید 3 شہریوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا 15 ریاستوں میں کرونا وائرس کے اب تک 125 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں 20 سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں، جنہوں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
امریکی حکام نے تصدیق کی ہے مہلک وائرس کے 21 کیسز صرف سیٹیل کے علاقے میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ زیادہ تر مریضوں کا تعلق ریاست واشنگٹن اور کیلیفورنیا سے ہے۔
گزشتہ روز حکام کا کہنا تھا کہ کرونا سے متاثر ہونے والے 45 افراد وہ ہیں جنہوں نے ڈائمنڈ پرنسز کروز شپ میں سفر کیا تھا، 3 امریکی شہریوں کورونا کی آماجگاہ ووہان سٹی سے لوٹے تھے۔
امریکی حکام نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ 17 متاثرہ افراد وہ ہیں جو سفر کے دوران کورونا وائرس کا شکار بنے جببکہ 37 متاثرہ شہری کورونا وائرس کے شکار مریضوں سے متاثر ہوئے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، مجموعی طور پر اب تک 50 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، چین میں 1 ہزار 792 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں 10 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 93 ہزار ہوگئی ہے۔