اسلام آباد : سپریم کورٹ میں زیرالتواکیسزکی تعداد44ہزار سے تجاویز کر گئی ، رپورٹ میں بتایا گیا یکم مئی سے15 جولائی تک 196 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ یکم سے 15مئی تک 366کیسز نمٹائے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نےزیرالتواکیسزکی 15روزہ رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا کیسز کی تعداد 44ہزار658ہوگئی ہے ، یکم مئی کو زیر التوا کیسز کی تعداد44ہزار462 تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا یکم مئی سے15جولائی تک196 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ یکم سے 15مئی تک 366کیسز نمٹائے اور 562نئے کیسز کا اندراج ہوا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں28سے29مئی تک کیسزکی سماعت کیلئے3بینچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں، بینچ ایک میں چیف جسٹس گلزاراحمداورجسٹس قاضی امین ، بینچ دو میں جسٹس مشیرعالم،جسٹس مظہرعالم میاں خیل،جسٹس یحییٰ آفریدی جبکہ بینچ تین میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اورجسٹس سردارطارق شامل ہیں۔
سپریم کورٹ اسلام آباد کیلئے یکم سے5جون تک کیسز پر7بینچ تشکیل دیئے ہیں ، جس کے مطابق بینچ ایک میں چیف جسٹس گلزاراحمد،جسٹس اعجازالاحسن،جسٹس مظاہرعلی ، بینچ دومیں جسٹس مشیرعالم،جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس امین الدین خان اور بینچ تین میں جسٹس عمرعطابندیال،جسٹس فیصل عرب،جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔
بینچ چارمیں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اورجسٹس سردار طارق ، بینچ پانچ میں جسٹس مقبول باقر،جسٹس مظہر عالم میاں خیل، بینچ چھ میں جسٹس منظورملک اورجسٹس منصور علی شاہ اور بینچ سات میں جسٹس سجادعلی شاہ اورجسٹس منیب اختر کو شامل کیا گیا ہے۔