ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بھار ت نے نور خان ایئر بیس، مرید بیس، شور کوٹ بیس کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ بھارت نے 3 ائیر بیسز کو میزائل کا نشانہ بنایا ہے، بھارت انتظار کرے، جواب جلد آئے گا۔

رات گئے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل محفوظ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت اپنی ننگی جارحیت کو جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت نے افغانستان میں بھی میزائل داغے ہیں اور ڈرونز کا حملہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے طیاروں کے ذریعے فضا سے زمین پر میزائل داغے ہیں،
بھار ت نے نورخان ایئر بیس، مرید بیس ،شورکوٹ بیس کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے پاگل پن کے ذریعے خطے کو خطرناک جنگ کی طرف دکھیل رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح الفاظ میں دشمن سے کہا کہ ہم تمہاری طاقت، مکاری اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب انتظار کرے، ہمارا جواب جلد آئے گا۔

اے پی پی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد میں 3 دھماکوں کی زور دار آوازیں سنائی دی گئی تھیں، جس کے بعد شہر کے کچھ حصوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکوں کی آوازیں نور خان ائیربیس کے قریب سنی گئی تھیں۔

پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے شیخوپورہ کے سرحدی گاؤں جے سنگھ والا میں بھارتی ڈرون مار گرایا، مقامی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سےلیس بحری بیڑا پاکستان کے ساحل سے 300سے 400 میل کے فاصلے پر موجود ہے۔

اخبار کا دعویٰ ہے کہ بھارت نے سپر سانک کروز میزائل سے لیس اپنے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جنگی جہاز پاکستان کی جانب روانہ کردیے ہیں تاکہ کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جاسکے۔

اس سے کچھ دیر قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ بھارت نے خود ہی پنجاب کے شہر امرتسر میں 5 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے پاس بھارتی میزائل حملوں کے تمام الیکٹرانک سگنیجر ہیں، اس بات کے بھی ثبوت ہیں کہ بھارتی میزائل کہاں سے فائر کیے گئے اور کس طرف ٹارگٹ کیے گئے۔

مسلح افواج کی جانب سے بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور حملوں کو ناکام بنایا جارہا ہے،
بھارتی حملے پاکستان کے بہادراور غیور عوام کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔ اس وقت راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں کے عوام اپنی مسلح افواج کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

مزید پڑھیں : بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت خطے میں عدم توازن پیدا کرکے جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، وہ ہر حملے کی ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔

بھارت کی حرکت بہت حیران کن ہے،بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہورہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں