حیدرآباد : مسلم لیگ (فنکشنل) کی رہنما و رُکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کو غریب عوام کی کوئی فکر نہیں وہ صرف بلاول بھٹو کے مفادات کےلئے کام کررہے ہیں۔
وہ حیدرآباد کے علاقے جی آر کالونی میں گزشتہ دنوں قتل کئے جانے والے دو بچوں کے والد انتظار سیال سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہی تھیں۔
نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اتنا بڑا واقعہ ہوگیا بلاول بھٹو کا اب تک کوئی ٹوئٹ نہیں آیا وہ صرف ابو اور پھوپھی کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ سندھ حکومت بلاول بھٹو کی انتخابی مہم چلارہی ہے۔
حیدرآباد سمیت سندھ کی ایم پی ایز فریال تالپور کی پیشی پر تو بن سنور کر پہنچ جاتی ہیں لیکن یہاں غریب کی داد رسی کےلئے کوئی نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد اور ڈی آئی جی فوری طورپر مستعفی ہوں اور بچوں کے قتل کے حوالے سے غفلت برتنے والے ایس ایچ اوز کو نوکری سے برطرف کیا جائے۔
نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے نیب اب سب کو کھینچے گی، اس مسئلے پر وہ اگلے اسمبلی کے اجلاس میں آواز اٹھائیں گی ، اگر کسی بااثر شخص کے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو پولیس الرٹ ہوجاتی ہے لیکن غریب افراد کےلئے پولیس بے حسی کا رویہ اختیار کرتی ہے۔
پولیس لوگوں کی مدد کرنے کی بجائے خود دہشت گرد بنی ہوئی ہے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ غریب عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں وہ استعفیٰ دیں ، چیف جسٹس آف پاکستان حیدرآباد میں بچوں کے دہرے قتل کا نوٹس لیں اور ان کے والدین کو انصاف دلائیں۔