آکلینڈ: نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ میں ایک اوور میں 43 رنز دینے کا عالمی ریکارڈ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ میں ایک اوور میں 43 رنز کا عالمی ریکارڈ بن گیا، بولر نے دو نو بالز سمیت 8 گیندوں کا اوور کیا، کیوی بلے بازوں نے چھ چھکے، ایک چوکا اور ایک سنگل رن بنایا۔
میچ نیوزی لینڈ کے شہر ہملٹن میں کھیلا جارہا تھا، فورڈ ٹرافی کے لسٹ اے کے اس میچ میں ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیم کے بلے باز جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے سینٹرل ڈسٹرکٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے ولیم لٹک کے ایک اوور میں 43 رنز بنائے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ میچ میں جن دو کھلاڑیوں نے بیٹنگ کی ان میں سے ایک جو کارٹر تو اپنا صرف پانچواں لسٹ اے میچ کھیل رہے تھے۔
How many runs can you score off an over? https://t.co/LWfXqsH8Hv pic.twitter.com/kn2GX8aD0t
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 7, 2018
ولیم لٹک نے 9 اوور میں 42 رنز دئیے تھے جب ان کے دس اوورز پورے ہوئے تھے، ایک اوور میں 43 رنز دینے کے بعد وہ 10 اوور میں 85 رنز دینے والے بولر بن چکے تھے۔
اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنگلہ دیشی کرکٹر علاؤ الدین بابو نے 2013 میں بنایا تھا جب انہوں نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے ایک مقابلے میں ایک اوور میں 39 رنز بنائے تھے، بولنگ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبورا کررہے تھے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق اوپننگ بلے باز ہرشل گبز نے 2007 کے ورلڈ کپ میچ میں نیدرلینڈ کے لیگ اسپنر ڈین وین کے ایک اوور میں 6 چھکے لگا کر 36 رنز بنائے تھے۔