نیوزی لینڈ کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بڑا دھچکا لگ گیا۔
نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز برابر کرنے کی امیدوں کو فائنل سے قبل کپتان ولیمسن کی عدم شرکت کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
کپتان کین ولیمسن نے میڈیکل اپوائنٹمنٹ کے لیے میچ سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا کہ ٹم ساؤتھی منگل کو نیپئر میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ آکلینڈ سے تعلق رکھنے والے بلے باز مارک چیپمین ولیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
کوچ گیری سٹیڈ نے ولیمسن سے متعلق کوئی تفصیلات پیش نہیں کیں لیکن انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس میڈیکل چیک اپ کا تعلق کپتان کے کہنی مسائل سے نہیں ہے جس سے وہ ایک عرصے سے دوچار ہیں۔
بھارت نے اتوار کو ماؤنٹ مونگانوئی میں دوسرے ٹی 20 میں میزبان ٹیم کو 65 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔