مانچسٹر: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کارلوس بریتھویٹ نے شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کی مگر وہ بھی کام نہ آسکی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2019 کا 29واں میچ مانچسٹر اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو بغیر کسی رن پر پہلی وکٹ گر گئی، 7 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو کو بھی کوٹریل نےآؤٹ کیا۔ کپتان ولیم سن اور ٹیلر نے آکر محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 167 کے مجموعی اسکور پر روس ٹیلر 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 210 پر گری جبکہ کپتان ولیم سن 251 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، انہوں نے 158 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اور 148 کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا، کیویز کی چھٹی وکٹ 270 ، اننگز کے آخری اوور کی آخری دو گیندوں پر دو مزید کھلاڑی 291 پر پویلین روانہ ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز اسکور کیے، کپتان ولیم سن 148 اور ٹیلر 69 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کوٹریل چار وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 292 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز سست روی سے کیااسی دوران تین کے مجموعی اسکور پر ہوپ آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، کرس گیل نے روایتی انداز سے بیٹنگ کو جاری رکھتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا تو دوسرے اینڈ پر کھیلنے والے نیکولس پوران 20 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ہٹمیئر نے نصف سنچری بناتے ہوئے کرس گیل کا ساتھ دیا اور اسکور کو 142 رنز تک پہنچایا تاہم 54 کے انفرادی اسکور پر ہٹمیئر بھی آؤٹ ہوگئے، نئے آنے والے بلے باز ہولڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بعد ازاں کرس گیل بھی 87 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، نئے آنے والے بیسٹمین ایشلے نرس ایک رن اور لیوس صفر پر آوٹ ہوئے تاہم کیماروچ نے 14 اور کوٹریل نے 15 رنز بنا کر کارلوس بریتھویٹ کا بھرپور ساتھ دیا تاہم 245 کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کی 9 وکٹیں گر چکی تھیں۔
کارلوس بریتھویٹ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے تن تنہا ویسٹ انڈیز کو فتح دلانے کی شاندار کوشش کی لیکن 49 ویں اوور کی آخری گیند پر جب فتح کے لیے پانچ رنز درکار تھے تو بلے باز نے چھکا مارنے کی کوشش کی جو ناکام رہی اور بریتھویٹ 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ صرف 5 رنز سے ہار گئی، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، فرگوسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو 148 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اب تک 5 میچز کھیلے جن میں سے چار میں انہیں فتح جبکہ ایک بارش کی نذر ہوا جبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی پانچ ہی میچز کھیلے جن میں سے اُسے ایک میں فتح اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال