سری نگر : جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات مزید بڑھتے جارہے ہیں، حالات سے تنگ ایک اور فوجی نے خود کو گولی مارلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر میں تعینات ایک فوجی جوان نے پیر کی صبح اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر مبینہ طور پر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔
سری نگر کے بمنہ علاقے میں اسٹیٹ موٹر گیراج میں تعینات شاسترا سیما بل (ایس ایس بی) کے ایک اہلکار نے پیر کی صبح زندگی سے تنگ آکر موت کو گلے لگانے کیلئے گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی اہلکار کی شناخت گگن جاہ ولد سبودھ جاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ بھارتی مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی فوجی کو علاج و معالجے کے لئے جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جموں و کشمیر کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بہت سی وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کے لئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں و کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات گھٹنے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔
بھارتی سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال2010 سے 2019 تک ملک میں 1113 فوجی اہلکاروں کی خودکشی کے1113 مشتبہ واقعات درج کیے گئے۔ اگرچہ سرکاری اعداد و شمار میں کشمیر میں خودکشی کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تفصیلات الگ سے نہیں دی گئیں تاہم غالب گمان یہ ہے کہ سب سے زیادہ واقعات یہیں درج ہوئے ہیں۔